Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

طیارہ حادثہ: تین ماہ میں تحقیقات مکمل کریں گے، وزیرہوابازی

شائع 23 مئ 2020 02:25pm

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات تین ماہ میں مکمل کرکے ذمہ داران کا تعین کریں گے اور متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

پی آئی اے کے سربراہ ارشد ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ انصاف میں تاخیر انصاف نہ ہونے کے مترادف ہے۔ واقعات اور سانحات کر بروقت تحقیق کرکے کارروائی نہ کی جائے اور حقائق بروقت عوام کے سامنے نہ لائے جائیں تو سانحات کا سدباب ناممکن ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات ایک یچیدہ عمل ہے۔ اس میں کافی وقت لگتا ہے جبکہ مختلف ادارے اپنے طور پر تحقیقات کرتے ہیں۔ جہاز بنانے والی کمپنی ایئربس بھی تحقیقات کرے گی مگر وفاقی حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی تین ماہ کے اندر تحقیقات مکمل کرکے ذمہ داران کا تعین کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر تحقیقات میں مجھ پر یا سی ای او پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے تو ہم عہدہ چھوڑنے کیلئے تیار ہیں لیکن انکوائری ہر صورت ہوگی اور عوام کے سامنے لائی جائے گی جبکہ متاثرین کو یکساں معاوضہ دیا جائے گا۔

غلام سرور خان نے کہا کہ ایئرپورٹ کے اطراف میں غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی اونچی عمارتوں کی بھی تحقیقات ہوگی۔

وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ کراچی میں سول ایوی ایشن کی 1500 ایکڑ زمین پر قبضہ ہوچکا ہے۔